ٹیکنالوجی کی دنیا کے تین بڑے حریف اور موزیلا فائر فاکس انٹرنیٹ براؤزنگ کو بہتر بنانے کے لیے ایک ہوگئے ہیں۔
دنیا بھرمیں ٹیکنالوجی کی میدان میں ہونے والی تیز رفتار ترقی میں تین بڑی کمپنیوں مائیکرو سافٹ، گوگل اور ایپل کا کافی حصہ ہے، بات سافٹ ویئر کی ہو یا ہارڈ ویئر کی، تین مختلف آپریٹنگ سسٹم رکھنے والے یہ تینوں ادارے ایک دوسرے کے روایتی حریف سمجھے جاتے ہیں۔ انفرادی طور پر یہ تینوں کمپنیاں اپنے صارفین کو بہتر سے بہتر خدمات اور مصنوعات فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہتی ہیں۔
لیکن صارفین کے لیے انٹرنیٹ براؤزنگ کو مزید بہتر بنانے کے لیے مائیکروسافٹ، گوگل، ایپل اور موزیلا فائر فاکس مشترکہ طور پر ایک نئے پراجیکٹ پر کام کر رہی ہیں۔
ٹیکنالوجی کی ویب سائٹ Cnet کے مطابق گوگل کے براؤزر کروم، ایپل کے سفاری، مائیکروسافٹ کے ایج اور موزیلا فائر فاکس کی ٹیمیں اپنے اپنے براؤزرز میں موجود ایکسٹینشنز میں بہتری لانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔ ان ایکسٹینشنز کو سرفہرست براؤوزرز میں شامل کر کے مجموعی طور پر استمال کنندہ کے تجربے میں بہتری لائی جاسکے گی۔
رپورٹ کے مطابق یہ کمپنیاں ورلڈ وائڈ ویب کنسورشیم میں ایک ساتھ آنے کا اعلان کر چکی ہیں۔ اور اس مقصد کے لیے انہوں نے ایک لائن فورم بھی تشکیل دیا ہے۔ ویب ایکسٹینشنز کمیونٹی گروپ( ڈبلیو ای سی جی) کے نام سے بننے والے اس فورم میں انجینئرز کو ایک مشترکہ اورمحفوظ ایکسٹینسشز بنانے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کیا گیا ہے۔